پیٹرولیم لیوی کیخلاف جماعت اسلامی کا سپر لانگ مارچ اسلام آباد روانہ
حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں کارکن کراچی سے ٹرین کے ذریعے روانہ، امیر جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کا مطالبہ دہرا دیا
کراچی: پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا ’’سپر لانگ مارچ‘‘ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں کراچی سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگیا۔
مارچ کے شرکا کراچی کینٹ اسٹیشن سے رحمان بابا ایکسپریس کے ذریعے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوئے، جہاں حافظ نعیم الرحمٰن کے ساتھ جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان بھی موجود تھے۔
روانگی سے قبل کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومتی معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مہنگائی اور موجودہ پالیسیوں کے باعث عام اور متوسط طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی کی صورتحال کو بنیاد بنا کر عوام پر اضافی بوجھ نہیں ڈالا جانا چاہیے۔ جماعت اسلامی نے اس مطالبے کے حق میں احتجاجی تحریک جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
سپر لانگ مارچ سے قبل جماعت اسلامی نے کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر پیٹرولیم لیوی کے خلاف تقریباً 35 روز سے جاری دھرنا ختم کردیا تھا۔ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان اس معاملے پر مذاکرات کے متعدد ادوار بھی ہوئے، تاہم گزشتہ روز ہونے والا پانچواں دور بھی کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکا۔