پی ٹی آئی لانگ مارچ سے قبل بڑا ایکشن، عمران خان کی بہن علیمہ خان گرفتار
لاہور میں پولیس نے علیمہ خان کو حراست میں لے لیا، 3-MPO کے تحت کوٹ لکھپت جیل منتقل، گرفتاری پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے مجوزہ لانگ مارچ سے ایک ہفتہ قبل ہوئی
لاہور: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کو پولیس نے حراست میں لینے کے بعد 30 روز کیلئے کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا۔
رپورٹس کے مطابق علیمہ خان اپنے ڈرائیور کے ہمراہ گھر سے جم خانہ کلب کی جانب روانہ ہوئی تھیں کہ راستے میں پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔ ان کی گاڑی اور ڈرائیور کو بھی پولیس تحویل میں لیا گیا۔
علیمہ خان کی حراست کے بعد 3-MPO کے تحت 30 روز کیلئے نظر بندی کے احکامات جاری کیے گئے، جس کے بعد انہیں کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا۔
پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب نے علیمہ خان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی کارکنوں کو بھی حراست میں لیا جارہا ہے۔
علیمہ خان کی گرفتاری ایسے وقت سامنے آئی ہے جب پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ دوسری جانب گرفتاری کے فوری بعد پولیس یا حکومت کی جانب سے تفصیلی مؤقف سامنے نہیں آیا۔