کوہاٹ میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکا، 15 افراد شہید
بارود سے بھری گاڑی پرانی پولیس لائنز کے گیٹ سے ٹکرائی، دھماکے کے بعد فائرنگ بھی ہوئی، پولیس اہلکاروں سمیت 50 سے زائد زخمی اسپتال منتقل
کوہاٹ: پرانی پولیس لائنز کے قریب نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد شہید جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا نماز جمعہ کے دوران ہوا جس کی شدت سے مسجد کا بیرونی حصہ شدید متاثر ہوا، ایک دیوار گرگئی جبکہ جائے وقوعہ پر گڑھا پڑ گیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق بارود سے بھری گاڑی پرانی پولیس لائنز کے گیٹ سے ٹکرائی، جس کے بعد زوردار دھماکا ہوا اور فائرنگ بھی کی گئی۔
واقعے کے فوری بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق 15 لاشیں اور 50 سے زائد زخمی اسپتال لائے گئے، جس کے بعد ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
دھماکے کے باعث قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ پولیس نے کوہاٹ ہنگو روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کرکے علاقے میں اضافی نفری تعینات کردی۔
واقعے کے بعد جائے وقوعہ پر امدادی اور سیکیورٹی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ متعلقہ ادارے واقعے کی مزید تحقیقات کررہے ہیں۔