Tameerewatan
tameerewatan

کوئٹہ ماسٹر پلان پر بڑا قدم، چیف سیکرٹری کے اہم احکامات

ماسٹر پلان پر مؤثر عملدرآمد کی ہدایت، بلڈنگ کوڈز کی خلاف ورزی برداشت نہیں ہوگی، سرکاری ملازمین کیلئے ہیلتھ کارڈ کا عمل بھی تیز کرنے کا حکم

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت اہم اجلاس میں کوئٹہ ماسٹر پلان، شہری حدود میں قائم ڈیری فارمز، پانی کے تحفظ، بلڈنگ کوڈز اور سرکاری ملازمین کے طبی معاوضے کے نظام سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں صفائی، حفظانِ صحت، ٹریفک اور ماحولیاتی مسائل کے پیش نظر شہر میں قائم ڈیری فارمز کو مرحلہ وار شہری حدود سے باہر منتقل کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔ متعلقہ حکام کو اراضی، ضروری سہولیات، اخراجات اور واضح ٹائم لائن پر مشتمل قابلِ عمل منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔

چیف سیکرٹری نے کوئٹہ ماسٹر پلان پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی، زرعی اور رہائشی علاقوں کی منصوبہ بندی میں توازن اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی جائے۔

اجلاس میں کوئٹہ میں پانی کی قلت اور دستیاب وسائل کے بہتر استعمال پر بھی غور کیا گیا۔ ریچارج ویلز کے قیام اور مساجد میں وضو کے استعمال شدہ پانی کو دوبارہ قابلِ استعمال بنا کر زرعی مقاصد کے لیے استعمال کرنے جیسے اقدامات کو سراہا گیا۔

شکیل قادر خان نے بلڈنگ کوڈز پر بلاامتیاز عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ شہری منصوبہ بندی کے قواعد کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں سرکاری ملازمین کے میڈیکل ری ایمبرسمنٹ نظام کا بھی جائزہ لیا گیا اور موجودہ پالیسی کو مزید شفاف، مؤثر اور یکساں بنانے کی ہدایت کی گئی۔ چیف سیکرٹری نے سرکاری ملازمین کے لیے ہیلتھ کارڈ کے نفاذ کا عمل تیز کرنے اور مربوط ڈیجیٹل نظام قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More