خضدار میں کیمپ پر حملہ، 5 افراد جاں بحق
اڑینجی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، جاں بحق افراد میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا
**خضدار: خضدار کے علاقے اڑینجی میں ایک کیمپ پر نامعلوم مسلح افراد نے مبینہ طور پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے کیمپ کو نشانہ بنایا، جس کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی شروع کردی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔