وزیراعظم ریلیف اسکیم، مستحق شہریوں کیلئے پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے تک رعایت کا اعلان
موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگچی کیلئے ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک گاڑیوں کیلئے 30 لیٹر پٹرول پر رعایت دی جائے گی، ڈیجیٹل نظام کے ذریعے رجسٹریشن اور تصدیق ہوگی
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر محنت کش اور کم آمدن والے شہریوں کو پٹرول کی بڑھتی قیمتوں سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے خصوصی اسکیم کے تحت ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جس کے ذریعے اہل افراد کو پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے تک رعایت فراہم کی جائے گی۔
فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق اسکیم میں موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو شامل کیا گیا ہے۔ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے صوبائی محکموں، نادرا اور ٹیلی کام کمپنیوں کے تعاون سے گاڑی اور درخواست گزار کی تصدیق کے لیے خودکار نظام تیار کیا ہے تاکہ سبسڈی مستحق افراد تک پہنچائی جاسکے۔
اسکیم کے تحت موٹر سائیکل اور چنگچی رکشہ رکھنے والے اہل شہری ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان ماہانہ 30 لیٹر پٹرول پر مقررہ رعایت حاصل کرسکیں گے۔
رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو اپنے نام پر رجسٹرڈ موبائل نمبر استعمال کرنا ہوگا۔ فراہم کردہ طریقہ کار کے مطابق درخواست گزار کو شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا رجسٹریشن نمبر، متعلقہ صوبائی کوڈ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ فراہم کرنا ہوگی۔ تصدیق مکمل ہونے کے بعد کامیاب درخواست گزار کو موبائل فون پر پیغام موصول ہوگا۔
رعایتی پٹرول حاصل کرنے کے لیے پٹرول پمپ جانے سے قبل موبائل فون سے TOK لکھ کر 9771 پر پیغام بھیجنے کا طریقہ بتایا گیا ہے۔ اس کے جواب میں موصول ہونے والا فیول ٹوکن متعلقہ پٹرول پمپ پر دکھا کر رعایت حاصل کی جاسکے گی۔
فراہم کردہ شیڈول میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد میں رعایتی پٹرول کی فراہمی پیر اور منگل کی درمیانی شب جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے شروع ہوگی۔
اسکیم کا مقصد موجودہ معاشی حالات میں محنت کش اور کم آمدن والے طبقے پر ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کا مالی بوجھ کم کرنا اور جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے سبسڈی کی تقسیم کو شفاف بنانا بتایا گیا ہے۔