مستونگ میں مبینہ تیزاب گردی، متاثرہ خاتون کا علاج آغا خان اسپتال کراچی سے کرانے کا فیصلہ
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ کے علاقے کلی ببری میں مبینہ تیزاب گردی کا شکار ہونے والی خاتون بی بی لائبہ کے علاج کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
معاون وزیراعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند کے مطابق، حکومتی اخراجات پر بی بی لائبہ کو بہتر علاج کی غرض سے کراچی کے آغا خان اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ حکومت متاثرہ خاتون کو علاج کی تمام ممکنہ بہترین سہولیات فراہم کرے گی۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ متاثرہ خاتون کو طبی امداد کے ساتھ مکمل قانونی معاونت بھی دی جائے گی۔ شاہد رند نے واضح کیا کہ خواتین پر تشدد اور تیزاب گردی کے لرزہ خیز واقعات ناقابلِ برداشت ہیں اور اس قبیح فعل میں ملوث عناصر کو آہنی ہاتھوں سے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ متعلقہ ادارے متاثرہ خاتون کے تحفظ، علاج اور انصاف کی فراہمی کے لیے متحرک ہیں۔