Tameerewatan
tameerewatan

پاک فوج کی مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں کارروائیاں، 36 دہشت گرد ہلاک

پاک فوج کی مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں کارروائیاں، 36 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 36 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں کارروائیاں کی گئیں۔ مستونگ میں آپریشن کے دوران 6 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ ان کے قبضے سے ملنے والا گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد بھی ناکارہ بنا دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے 4 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 26 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

قلات میں کیے گئے ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 2 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جبکہ ضلع سبی کے علاقے بھاگ میں بھی سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 48 دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں، جبکہ سال 2026 کے دوران بلوچستان میں انسداد دہشت گردی کارروائیوں میں 1188 سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں 36 دہشت گردوں کی ہلاکت بڑی کامیابی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More