حکومت نے محض 10 دنوں میں پیٹرول کی قیمت کہاں سے کہاں پہنچا دی؟
اسلام آباد: حکومت کی جانب سے ملک میں روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم قیمتوں کے ظالمانہ تعین نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، جہاں محض 10 روز کے اندر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 25 روپے فی لیٹر تک کا خوفناک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق یکم سے 10 ستمبر کے دوران پیٹرول فی لیٹر 24 روپے 96 پیسے مہنگا ہوا ہے، جس کے بعد یکم ستمبر کو 342 روپے 79 پیسے میں ملنے والا پیٹرول اب بڑھ کر 367 روپے 75 پیسے فی لیٹر کی تاریخ ساز سطح پر پہنچ چکا ہے۔ اس دوران پیٹرول کی قیمت میں مسلسل اضافے کے طوفان میں صرف ایک روز معمولی کمی کی گئی، جبکہ باقی تمام دن عوام پر مہنگائی کے بم گرائے گئے۔
دوسری جانب ڈیزل کی قیمتوں میں ہونے والا مسلسل اضافہ بھی رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ یکم ستمبر کو 370 روپے 41 پیسے میں ملنے والا ڈیزل محض 10 دنوں میں 22 روپے 26 پیسے مہنگا ہو کر 392 روپے 67 پیسے فی لیٹر کی ہولناک قیمت پر پہنچ چکا ہے۔ ماہرین اور شہریوں کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں میں یہ اندھا دھند اضافہ ملک میں مہنگائی کے ایک نئے اور تباہ کن طوفان کو جنم دے رہا ہے۔