سولر صارفین کے لیے بڑی خوشخبری
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کی خصوصی ہدایات پر ملک بھر میں سولر صارفین کو بڑی ریلیف فراہم کرتے ہوئے 11 ہزار 695 زیر التوا نیٹ میٹرنگ درخواستیں حل کر دی گئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ منتقلی کے دوران مجموعی طور پر 16 ہزار 654 درخواستیں زیر التوا تھیں، جن کی جامع تصدیق و توثیق کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ پی آئی ٹی سی کی جانب سے کامیاب صارفین سے میسج، واٹس ایپ اور ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے رابطہ شروع کر دیا گیا ہے جبکہ صارفین اپنی درخواست کی حیثیت آن لائن پورٹل پر بھی چیک کر سکتے ہیں۔
حکام کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ نیٹ میٹرنگ درخواست کی جلد پراسیسنگ کے لیے کسی بھی فرد کو کوئی فیس ادا نہ کی جائے کیونکہ براہِ راست رابطے کا مقصد صارفین کو ایجنٹوں اور غیر ضروری مداخلت سے محفوظ رکھنا ہے۔ وزارت کے مطابق باقی ماندہ 4 ہزار 959 نیٹ میٹرنگ درخواستوں کی قواعد و ضوابط کے مطابق تصدیق و توثیق کا عمل تیزی سے جاری ہے تاکہ جائز صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر اویس لغاری کا کہنا ہے کہ حکومت سولر انرجی اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کی بھرپور حامی ہے اور سولرائزیشن کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔ انہوں نے باقی ماندہ درخواستوں کی جانچ پڑتال جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ جائز صارفین کو قواعد کے مطابق ان کا حق ضرور ملنا چاہیے۔