Tameerewatan
tameerewatan

کوئٹہ کی اہم سڑکیں سیوریج کے پانی میں ڈوب گئیں، شہری پریشان

ریڈ زون کے قریب فیڈرل لاج، سریاب پھاٹک، سیٹلائٹ ٹاؤن اور جناح ٹاؤن میں نالیاں اور گٹر بند، شہریوں کا انتظامیہ سے فوری صفائی کا مطالبہ

کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں صفائی کی ناقص صورتحال اور بند نالیوں کے باعث سیوریج کا پانی سڑکوں پر بہنے لگا، جس سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ریڈ زون کے قریب فیڈرل لاج کا گٹر اور سریاب پھاٹک کے قریب اکرم ہسپتال کے سامنے نالہ گزشتہ کئی روز سے بند ہونے کے باعث گندا پانی سڑک پر جمع ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مصروف سڑکوں پر سیوریج کا پانی بہنے سے پیدل چلنے والوں اور گاڑیوں کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔

اسی طرح سیٹلائٹ ٹاؤن کی منی مارکیٹ اور جناح ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں بھی نالیوں کی بندش اور بروقت صفائی نہ ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

عوامی حلقوں نے صفائی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ’’لٹل پیرس‘‘ کے نام سے پہچانا جانے والا کوئٹہ آج جگہ جگہ گندگی اور سیوریج کے مسائل کا شکار ہے۔ ان کے مطابق کئی مقامات پر گٹر اور نالیاں کئی روز تک بند رہنے کے باوجود صفائی نہیں کی جاتی۔

شہریوں نے ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں صفائی کی خراب صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور متعلقہ عملے کو نالیوں اور سیوریج لائنوں کی بروقت صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے۔

عوامی حلقوں نے کچرا بروقت اٹھانے اور سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے بھی فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More