Tameerewatan
tameerewatan

کراچی میں ماں اور 3 بچوں کے قتل کا معمہ حل

مقتولہ کے شوہر کا بہنوئی گرفتار، ملزم نے چاروں قتل کا اعتراف کرلیا، نشاندہی پر آلۂ قتل بھی برآمد، پولیس

کراچی: سرجانی ٹاؤن میں خاتون اور اس کے تین کمسن بچوں کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے مقتولہ کے شوہر دانش کے بہنوئی ہمایوں کو گرفتار کرلیا، جس نے دورانِ تفتیش چاروں افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے پولیس افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملزم ماضی میں دانش کے گھر کی بالائی منزل پر کرایہ دار بھی رہ چکا تھا اور اسے تقریباً ڈیڑھ سال قبل گھر سے نکال دیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق واقعے کے روز ہمایوں اس وقت گھر پہنچا جب اسے معلوم تھا کہ دانش موجود نہیں۔ تفتیش میں الزام سامنے آیا ہے کہ ملزم نے خاتون کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی اور مزاحمت پر اسے آہنی راڈ سے نشانہ بنایا، جس سے وہ جاں بحق ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے بعد ملزم نے گھر میں موجود کمسن بچی کو بھی قتل کیا جبکہ مدرسے سے واپس آنے والے دیگر دو بچوں کو بھی آہنی راڈ کے وار کرکے جان سے مار دیا۔

تفتیشی حکام کے مطابق واردات کے بعد ملزم آلۂ قتل ساتھ لے گیا اور اسے ایک نالے میں پھینک دیا۔ بعد ازاں ملزم کی نشاندہی پر آہنی راڈ برآمد کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے واردات سے قبل اپنا موبائل فون بند کردیا تھا اور موٹر سائیکل بھی گھر چھوڑ کر آیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعہ شامل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More