امریکی وفد کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، افغان جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف
امریکی افغانستان وار کمیشن کے اعلیٰ سطحی وفد کی جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات، افغانستان کی تازہ صورتحال، علاقائی سکیورٹی اور پاکستان کے تجربات پر تفصیلی تبادلہ خیال
راولپنڈی: امریکی افغانستان وار کمیشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وفد کی قیادت امریکی افغانستان وار کمیشن کی شریک چیئرز شمائلہ این چوہدری اور ڈاکٹر کولن ایف جیکسن نے کی۔ کمیشن افغانستان میں امریکا کی 20 سالہ شمولیت کا جامع جائزہ لے رہا ہے۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال، افغانستان میں ہونے والی تازہ پیش رفت اور افغان تنازع کے دوران پاکستان کے کردار اور تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وفد کو طویل افغان جنگ کے دوران پاکستان کو درپیش سکیورٹی اور دیگر چیلنجز سے آگاہ کرتے ہوئے پاکستان کا نقطۂ نظر پیش کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افغان تنازع کے اسٹریٹجک، سفارتی اور آپریشنل پہلوؤں کا جائزہ لیتے وقت علاقائی تناظر اور پاکستان کے زمینی تجربات کو بھی مدنظر رکھا جائے۔
ملاقات میں افغانستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور خطے پر اس کے اثرات سے متعلق پاکستان کے تجربات اور مؤقف پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے افغانستان میں دو دہائیوں پر محیط تنازع کے دوران پاکستان کے دیرینہ کردار اور قربانیوں کا اعتراف کیا اور خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔