Tameerewatan
tameerewatan

پاکستان کو توڑنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی: وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی

بلوچ نوجوانوں کو لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلا جارہا ہے، نوجوان ریاست مخالف پروپیگنڈے کا حصہ بننے کے بجائے تعلیم، ترقی اور روشن مستقبل پر توجہ دیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں انسرجنسی نہیں بلکہ چند عناصر شناخت کی بنیاد پر علیحدگی کی سوچ کو فروغ دے رہے ہیں، تاہم پاکستان کو تقسیم کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔

کوئٹہ میں 21ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں کو ایک ایسی لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلا جارہا ہے جس سے نہ نوجوانوں کو فائدہ ہوگا اور نہ ہی بلوچستان کے مستقبل کو۔

انہوں نے کہا کہ غیر متوازن ترقی اور پسماندگی کو بلوچستان میں بے امنی کی بنیادی وجہ قرار دینا درست نہیں۔ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ترقی کا فرق موجود ہے لیکن اسے تشدد اور خونریزی کا جواز نہیں بنایا جاسکتا۔

سرفراز بگٹی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ حقائق اور تصورات میں فرق کریں، بلوچستان کی تاریخ سے آگاہی حاصل کریں اور بیرون ملک بیٹھے پاکستان مخالف عناصر کے پروپیگنڈے کا حصہ بننے کے بجائے تعلیم اور ترقی پر توجہ مرکوز کریں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت ریاست اور نوجوانوں کے درمیان فاصلے کم کرنے کیلئے انہیں ہر سطح پر سن رہی ہے جبکہ سرکاری ملازمتوں میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے بلوچستان میں مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیسٹنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔ ان کے مطابق ملازمتیں صرف میرٹ پر دی جائیں گی اور کسی حق دار کو اس کے حق سے محروم نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ اور چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم کو فعال کردیا گیا ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور بدعنوانی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کے مطابق معائنہ ٹیم نے ترقیاتی منصوبوں کی جانچ کا آغاز ان کے اپنے حلقے سے کیا تاکہ بلاامتیاز احتساب کا واضح پیغام دیا جاسکے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں اچھی طرز حکمرانی کی بنیاد رکھ دی گئی ہے اور حکومت میرٹ، شفافیت، جوابدہی اور نوجوانوں کیلئے مواقع پر مبنی نظام کو آگے بڑھائے گی۔

ورکشاپ کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات کو لیپ ٹاپ بھی دیے گئے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More