اسلام آباد کی طرف پیش قدمی ہر صورت روکیں گے، محسن نقوی
عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی پر توہینِ عدالت کی درخواست دائر کریں گے، احتجاج کرنا ہے تو اپنے شہر میں کریں، وفاقی وزیر داخلہ
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد وفاقی دارالحکومت کی جانب ایسی پیش قدمی کی اجازت نہیں دی جاسکتی جس سے امن و امان یا شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر ہوں، جبکہ سیکیورٹی فورسز کو صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری ہدایات دے دی گئی ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کی صورت میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں پرامن احتجاج کرسکتی ہیں، تاہم جلسے جلوس اور قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش میں فرق ہے۔
وزیر داخلہ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام صوبوں سے مشاورت کے بعد انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کی جائے گی کہ اسلام آباد کے شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
محسن نقوی نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر کنٹینرز لگانے کے حق میں نہیں، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ضرورت کے مطابق حفاظتی اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس حوالے سے جاری تفصیلی فیصلے میں کہا ہے کہ ایسی سرگرمی جس سے شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر ہوں، آئین کی خلاف ورزی تصور ہوگی اور ذمہ دار افراد کو قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔