کیو ڈی اے کے دو پارکس کی بولی، حیران کن آمدن سامنے آگئی
دو پبلک پارکس اور ناکارہ مشینری سے پہلے سال اور فوری مد میں 3 کروڑ 65 لاکھ روپے سے زائد حاصل، معاہدوں کی مکمل مدت میں دونوں پارکس سے تقریباً 16 کروڑ روپے آمدن متوقع
کوئٹہ: کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کیو ڈی اے) نے دو پبلک پارکس کی کھلی مسابقتی بولی اور تین ناکارہ سرکاری مشینری آئٹمز کی نیلامی کا عمل مکمل کرلیا، جس کے نتیجے میں فوری اور پہلے سال کی مد میں مجموعی طور پر 3 کروڑ 65 لاکھ 91 ہزار 901 روپے کی آمدن حاصل ہوئی۔
کیو ڈی اے کے مطابق عبدالرزاق دوتانی پارک سیٹلائٹ ٹاؤن کا بنیادی سالانہ نرخ 80 لاکھ روپے مقرر تھا، تاہم مسابقتی بولی میں حتمی رقم بڑھ کر 2 کروڑ 32 لاکھ روپے تک پہنچ گئی، جو بنیادی نرخ سے 190 فیصد زیادہ ہے۔
پارک کا معاہدہ تین سال کے لیے ہوگا اور ہر سال 10 فیصد اضافے کی شرط کے تحت مکمل مدت میں تقریباً 7 کروڑ 67 لاکھ 92 ہزار روپے آمدن متوقع ہے۔
اسی طرح زرغون ہاؤسنگ اسکیم میں واقع زرغون پارک کا بنیادی سالانہ نرخ 9 لاکھ 60 ہزار روپے تھا، جو بولی کے دوران بڑھ کر 52 لاکھ روپے ہوگیا۔ کیو ڈی اے کے مطابق یہ بنیادی نرخ کے مقابلے میں 441.67 فیصد اضافہ ہے۔
زرغون پارک کا معاہدہ 10 سال کے لیے ہوگا، جس میں سالانہ 10 فیصد اضافہ شامل ہے۔ اس مدت کے دوران پارک سے تقریباً 8 کروڑ 28 لاکھ 75 ہزار روپے حاصل ہونے کی توقع ہے۔ یوں دونوں پارکس سے معاہدوں کی مکمل مدت کے دوران مجموعی آمدن تقریباً 15 کروڑ 97 لاکھ روپے تک پہنچ سکتی ہے۔
دوسری جانب کیو ڈی اے نے تین ناکارہ سرکاری مشینری آئٹمز بھی نیلام کیے، جن سے مجموعی طور پر 81 لاکھ 91 ہزار 901 روپے حاصل ہوئے۔ کوماتسو گریڈر 35 لاکھ 35 ہزار ایک روپے، ساکائی روڈ رولر 17 لاکھ 25 ہزار روپے جبکہ نسان ٹرک 29 لاکھ 31 ہزار 900 روپے میں نیلام ہوا۔
کیو ڈی اے کے مطابق بولی اور نیلامی کے عمل کو شفاف اور غیر جانب دار رکھنے کے لیے نیب بلوچستان، محکمہ انسداد بدعنوانی، ایف آئی اے، کمشنر کوئٹہ ڈویژن، کوئٹہ کینٹونمنٹ اور کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے نمائندوں نے بطور مبصر کارروائی کا مشاہدہ کیا۔
ادارے نے کہا ہے کہ عوامی اثاثوں کے بہتر اور پیداواری استعمال، مالی وسائل میں اضافے اور ادارہ جاتی جوابدہی کے لیے شفاف مسابقتی طریقہ کار پر عملدرآمد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔