ملک میں موسم کا رنگ بدلنے لگا، محکمہ موسمیات نے بڑی پیشگوئی کردی
آنے والے گھنٹوں میں ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا کے چند علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ خاص طور پر خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، چترال، کوہستان اور بٹگرام میں شام اور رات کے اوقات میں بادل برس سکتے ہیں، جبکہ مری اور گلیات میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے اکثر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں ہلکی بونداباندی اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سرگودھا میں 35 ملی میٹر اور لاہور میں 20 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 43 اور دادو میں 41 ڈگری سینٹی گریড تک جا پہنچا۔