اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کی پیش گوئی کی ہے، تاہم دریاؤں میں اس وقت سیلابی صورتحال نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی اور حبس برقرار رہے گا، جبکہ کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں شام یا رات کے وقت بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، جہلم، گجرات، نارووال اور دیگر علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق ملک کے تمام بڑے دریا معمول کے بہاؤ پر ہیں اور فی الحال کسی مقام پر سیلاب کا خطرہ نہیں۔ تاہم آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں بالائی علاقوں میں بارش کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں معمولی اضافہ ہو سکتا ہے۔
حکام نے متعلقہ اداروں کو صورتحال پر نظر رکھنے اور حفاظتی اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔