بیرون ملک جانے والوں پر ہنگامی پابندی
وفاقی حکومت نے بیرون ملک سفر کرنے والے تمام پاکستانی شہریوں کے لیے ویکسینیشن سے متعلق ایک انتہائی سخت اور فوری فیصلہ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت اب ہر بین الاقوامی مسافر کے لیے روانگی سے قبل مطلوبہ ویکسین لگوانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے انٹرنیشنل ٹریولرز ویکسی نیشن سینٹر کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے جہاں یہ تمام طبی مراحل طے کیے جائیں گے۔
نئے حکم نامے کے مطابق مسافروں کو سفری پابندیوں سے بچانے کے لیے ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر خصوصی ہیلتھ اور نادرا کے کاؤنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں جو ویکسینیشن ریکارڈ کی کڑی جانچ پڑتال کریں گے۔ خاص طور پر حج اور عمرہ زائرین کے لیے گردن توڑ بخار کی ویکسینیشن کا تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ ساتھ رکھنا اب انتہائی لازمی ہوگا۔ حکومت نے خبردار کیا ہے کہ اگر بیرون ملک جانے یا آنے والے مسافروں نے سفر شروع کرنے سے پہلے اپنی ڈیجیٹل اور لازمی ویکسینیشن مکمل نہ کی تو انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور ائیرپورٹ پر ہی روک دیا جائے گا۔