بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے بیرونی عناصر ملوث ہیں، دہشت گرد افغانستان میں پناہ لیے ہوئے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے بیرونی عناصر ملوث ہیں، دہشت گرد افغانستان میں پناہ لیے ہوئے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کے پیچھے بیرونی عناصر کا ہاتھ ہے۔ ان کے بقول، مشرقی ہمسایہ ملک دہشت گردوں کو مالی معاونت، اسلحہ اور دیگر وسائل فراہم کر رہا ہے، جبکہ دہشت گرد افغانستان کی سرزمین پر محفوظ پناہ گاہیں قائم کیے ہوئے ہیں۔
کوئٹہ میں نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چار روز کے دوران بلوچستان میں دہشت گردی کے متعدد واقعات میں شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 42 افراد شہید ہوئے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 54 دہشت گرد مارے گئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سیاسی اور عسکری قیادت مکمل طور پر یکجا ہے اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو نہ صرف مالی اور عسکری مدد فراہم کی جا رہی ہے بلکہ اس سلسلے میں دیگر بیرونی عناصر بھی سرگرم ہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اس مرحلے پر ان کا نام لینا مناسب نہیں سمجھتے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابیاں بعض قوتوں کو ہضم نہیں ہو رہیں، تاہم ملک ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہے اور شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے، جہاں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے ان کا استقبال کیا۔