جیگوار لینڈ روور کی پہلی مکمل الیکٹرک رینج روور متعارف، قیمت بھی سامنے آگئی
لندن: جیگوار لینڈ روور کے لگژری برانڈ رینج روور نے اپنی پہلی مکمل الیکٹرک گاڑی متعارف کرا دی، جس میں جدید برقی ٹیکنالوجی کے ساتھ لگژری، آرام دہ ڈیزائن اور طاقتور کارکردگی کو یکجا کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق نئی الیکٹرک رینج روور کی بڑے پیمانے پر تیاری برطانیہ کے شہر سولہل میں کی جائے گی، جبکہ گاڑی کی ابتدائی قیمت ایک لاکھ 54 ہزار 70 پاؤنڈ مقرر کی گئی ہے۔
جیگوار لینڈ روور کے لیے یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کمپنی رواں سال منافع میں کمی کا سامنا کر رہی ہے۔ کمپنی نے نئی گاڑی کی تیاری میں شامل 10 ہزار 500 ملازمین کو اضافی تربیت بھی فراہم کی۔
رینج روور کا کہنا ہے کہ نئی الیکٹرک گاڑی کو مختلف اور انتہائی سخت حالات میں آزمایا گیا۔ اس دوران گاڑی نے مجموعی طور پر اتنا فاصلہ طے کیا جو دنیا کے گرد 38 مرتبہ چکر لگانے کے برابر بنتا ہے، جو اب تک کی کسی بھی رینج روور کی آزمائش سے زیادہ ہے۔
کمپنی کے مطابق گاڑی کا برقی نظام پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کے مقابلے میں ماحولیاتی اثرات کم رکھنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
نئی رینج روور میں صارفین کو اپنی پسند کے مطابق گاڑی تیار کرانے کی سہولت بھی دی جائے گی۔ خریدار مختلف رنگوں، سطحوں، کپڑوں اور اعلیٰ معیار کے مواد میں سے انتخاب کرسکیں گے، جبکہ اندرونی حصے میں ہاتھ سے کی گئی نفیس سلائی بھی اس کی نمایاں خصوصیات میں شامل ہے۔
رینج روور کے مینیجنگ ڈائریکٹر مارٹن لمپرٹ کے مطابق نئی الیکٹرک گاڑی ایک دہائی سے جاری انجینئرنگ، تحقیق اور تکنیکی ترقی کا نتیجہ ہے، جسے کمپنی نے جدید لگژری اور برقی ٹیکنالوجی کے امتزاج کے طور پر پیش کیا ہے۔