Tameerewatan
tameerewatan

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی مودی سرکار کو شدید للکار

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی مودی سرکار کو شدید للکار

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق عالمی ثالثی عدالت کے متفقہ فیصلے کو پاکستان کے قانونی اور سفارتی مؤقف کی اہم کامیابی قرار دے دیا۔

میر سرفراز بگٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ عالمی ثالثی عدالت کے فیصلے سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل یا ختم نہیں کرسکتا۔ ان کے مطابق معاہدہ بدستور نافذ العمل ہے اور بھارت اس کی پاسداری کا پابند ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ معاہدے میں ترمیم یا اسے ختم کرنے کے لیے پاکستان اور بھارت کی باہمی رضامندی ضروری ہے۔ بھارت کی جانب سے معاہدے کی معطلی یا خاتمے کے لیے پیش کیے گئے مختلف جواز بھی عدالت نے تسلیم نہیں کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی ثالثی عدالت کا فیصلہ پاکستان کے آبی حقوق اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے، جبکہ اس سے بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری اور عالمی قانون کی بالادستی کے اصول کو بھی تقویت ملی ہے۔

رتلے ہائیڈرو الیکٹرک منصوبے کے حوالے سے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کی درخواست پر عبوری اقدامات کی منظوری بھی اہم پیش رفت ہے۔ بھارت کو منصوبے کے مخصوص حصوں میں مقررہ سطح سے زیادہ کنکریٹنگ سے روک دیا گیا ہے جبکہ تعمیراتی شیڈول میں تبدیلیوں سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ذمہ داری بھی عائد کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بین الاقوامی قوانین، معاہدوں اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھا ہے۔ عالمی ثالثی عدالت کا متفقہ فیصلہ اس اصول کی توثیق ہے کہ بین الاقوامی معاہدوں کو یکطرفہ طور پر معطل یا ختم نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ فیصلہ پاکستان کے قانونی مؤقف کی مضبوطی کا ثبوت ہے اور پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر قانونی اور سفارتی فورم پر مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More