مجھ پر شک کیا جارہا ہے کہ میں بِک گیا، شوکت یوسفزئی لائیو شو میں رو پڑے
لانگ مارچ ملتوی کرنے کیلئے خط لکھنے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ردعمل پر بھی پی ٹی آئی رہنما نے افسوس کا اظہار کیا
پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی لانگ مارچ ملتوی کرنے سے متعلق پارٹی قیادت کو خط لکھنے کے بعد ہونے والی تنقید پر لائیو پروگرام میں آبدیدہ ہوگئے۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ انہوں نے سینئر پارٹی رکن کی حیثیت سے اپنے خدشات قیادت کے سامنے رکھے تھے، تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے خط پر دیے گئے ردعمل سے انہیں دکھ پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ 4 اکتوبر کے مارچ کا اعلان ہوا تو وہ اس میں شرکت کیلئے تیار تھے، لیکن سوشل میڈیا پر ان کے خلاف استعمال ہونے والی زبان پر انہیں افسوس ہے۔
شوکت یوسفزئی الزامات کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے اور کہا کہ ان پر شک کیا جارہا ہے کہ وہ ’’بِک گئے‘‘ ہیں، حالانکہ وہ صرف اصول کی بات کررہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی چھوڑنے کا کوئی سوال نہیں اور ان کا مؤقف صرف کارکنوں کے تحفظ اور پارٹی کے مفاد سے متعلق ہے۔