گڈز ٹرانسپورٹرز نے پھر ہڑتال کا عندیہ دے دیا
پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا ہوا تو ملک بھر میں کرائے بڑھائیں گے، حکومت سے معاہدوں پر عمل نہ ہوا تو دوبارہ پہیہ جام ہوسکتا ہے، ٹرانسپورٹ اتحاد
کراچی: آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کی صورت میں ملک بھر میں مال بردار گاڑیوں کے کرائے بڑھانے کا عندیہ دیتے ہوئے مطالبات پورے نہ ہونے پر دوبارہ ملک گیر ہڑتال کی تنبیہ کردی ہے۔
اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر ڈیزل اور پیٹرول مزید مہنگا کیا گیا تو ٹرانسپورٹرز کے لیے موجودہ کرایوں پر کام جاری رکھنا مشکل ہوگا اور ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ کرنا پڑے گا۔
انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کی پالیسی پر بھی اعتراض کرتے ہوئے حکومت سے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
ملک شہزاد اعوان کے مطابق اگست میں ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران حکومت نے ٹرانسپورٹرز کو ان کے مسائل حل کرنے اور بعض مطالبات پر پیش رفت کی یقین دہانی کرائی تھی، جس کے بعد ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کردی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مانگی گئی 40 روزہ مہلت اگلے ہفتے مکمل ہورہی ہے۔ اگر وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے طے شدہ معاملات پر عملدرآمد نہ کیا تو ملک بھر کے گڈز ٹرانسپورٹرز دوبارہ ہڑتال کی طرف جاسکتے ہیں۔
گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے مطالبہ کیا کہ اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے تو ٹرانسپورٹرز کو ودہولڈنگ ٹیکس، ٹول ٹیکس اور دیگر محصولات میں ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات کا بوجھ کم کیا جاسکے۔