سعودی سلامتی پر سمجھوتا ناممکن، دفاع کیلئے ہر حد تک جائیں گے: ڈی جی آئی ایس پی آر
حرمین شریفین اور سعودی عرب کی سلامتی کیلئے پاکستان کا عزم غیر مشروط، کسی بھی جارحیت کی صورت میں سعودی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری
اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تحفظ کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت کے دفاع کے لیے پاکستان ہر ضروری حد تک جانے کے لیے تیار ہے۔
عرب میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی کے لیے پاکستان کا عزم غیر مشروط ہے اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاکستان اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے اور اس حوالے سے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔ ضرورت پڑنے پر سعودی عرب کی سلامتی کے لیے ہر سطح پر تعاون کیا جائے گا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو گہرے تاریخی، سیاسی اور عسکری روابط پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلق موجود ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون اور سیکیورٹی معاملات پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے بھی تعاون کررہے ہیں۔
انہوں نے دفاعی حکمت عملی سے متعلق کہا کہ سیکیورٹی اور فوجی کارروائیوں کی عملی تفصیلات عوامی سطح پر ظاہر نہیں کی جاتیں اور کسی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ ممالک باہمی مشاورت سے آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کرتے ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ پاکستان کا دفاعی تعاون خطے میں امن، سلامتی اور باہمی تحفظ کے مقاصد سے منسلک ہے۔