محلے کی ’آنٹی‘ نے چغلیوں کو کمائی کا ذریعہ بنا لیا، دو گھر بھی خرید لیے
کولمبیا کی 67 سالہ خاتون مریم نے دوسروں کے معاملات پر نظر رکھنے کی عادت کو آمدنی کے ایک منفرد ذریعے میں تبدیل کر دیا ہے، یہاں تک کہ وہ اپنی کمائی اور بچت سے دو گھر خریدنے میں کامیاب ہو گئی ہیں
رپورٹس کے مطابق مریم روزانہ صبح اپنا نوٹ بک لے کر گھر کے باہر بیٹھتی ہیں اور اردگرد کے علاقے میں ہونے والی سرگرمیوں کا مشاہدہ کرتی رہتی ہیں। محلے میں کون آتا جاتا ہے، کس کی کس سے ملاقات یا گفتگو ہوئی اور کون سا نیا معاملہ زیرِ بحث ہے، وہ ایسی معلومات اپنی ڈائری میں درج کر لیتی ہیں। مریم کے مطابق محلے کے حالات سے باخبر رہنے اور مقامی لوگوں کے بارے میں تازہ معلومات حاصل کرنے کا یہ سلسلہ وقت کے ساتھ ان کے لیے کمائی کا ذریعہ بن گیا، کیونکہ وہ یہ معلومات دلچسپی رکھنے والے افراد تک پہنچا کر اس کے عوض رقم حاصل کرتی ہیں।
خاتون نے مختلف انٹرویوز میں دعویٰ کیا کہ کئی برس تک اس کام سے حاصل ہونے والی آمدنی کو محفوظ کرنے اور مسلسل بچت کرنے کے نتیجے میں ان کی مالی حالت بہتر ہوئی اور بالآخر وہ دو مکانات خریدنے میں کامیاب رہیں। تاہم مریم کا یہ منفرد مشغلہ ہمیشہ خوشگوار ثابت نہیں ہوتا کیونکہ بعض اوقات ان کی سرگرمیوں پر پڑوسیوں سے تلخ کلامی بھی ہو جاتی ہے، لیکن اب تک ان کے خلاف کسی قسم کی قانونی کارروائی نہیں کی گئی।