یوریا کھاد پر پابندی، زمیندار سڑکوں پر نکل آئے
خضدار: یوریا کھاد کی عدم دستیابی اور پابندیوں کے خلاف جھالاوان زمیندار ایکشن کمیٹی کی کال پر زمینداروں نے کوشک پل کے مقام پر احتجاجی دھرنا دے کر کوئٹہ کراچی آر سی ڈی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا۔
دھرنے میں وڈھ، وھیر، نال، زیدی، باغبانہ، توتک اور فیروز آباد سمیت مختلف علاقوں سے زمینداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احتجاج کی قیادت جھالاوان زمیندار ایکشن کمیٹی کے صدر عبدالوہاب غلامانی نے کی۔
دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے عبدالوہاب غلامانی نے حکومت کی پالیسیوں پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یوریا کھاد کی بندش اور زمینداروں کو درپیش دیگر مسائل نے زرعی شعبے کو شدید متاثر کیا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت زمینداروں کے خلاف مبینہ طور پر جاری پالیسیوں پر نظرثانی کرے، یوریا کھاد کی خریداری پر عائد پابندی ختم کرے اور زمینداروں کو ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔
زمیندار ایکشن کمیٹی نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کے حوالے سے بھی اپنے موقف کا اظہار کیا ہے۔