بی آئی ایس پی کا خواتین کے لیے آخری وارننگ جاری
کراچی: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) نے ملک بھر کی مستحق خواتین کے لیے مالی امداد کی فراہمی سے متعلق سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ امدادی رقم پر صرف اور صرف متعلقہ خاتون کا حق ہے، اور اس میں کسی بھی قسم کی کٹوتی یا حصہ مانگنے والے عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان بی آئی ایس پی کے مطابق، اگر کوئی شخص رقم کی ادائیگی میں رکاوٹ ڈالتا ہے، دباؤ ڈالتا ہے یا کٹوتی کرنے کی کوشش کرتا ہے، تو خواتین فوری طور پر سرکاری ہیلپ لائن 080026477 پر رابطہ کر کے اپنی شکایت درج کرا سکتی ہیں۔ حکومت نے اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
علاوہ ازیں، پروگرام انتظامیہ نے مفت ‘بینظیر سم’ کے حصول کے لیے بھی ڈیڈ لائن جاری کر دی ہے۔ تمام مستحق خواتین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 10 ستمبر تک اپنے قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے مفت سم لازمی حاصل کر لیں۔ حکام نے تنبیہ کی ہے کہ مقررہ تاریخ تک سم حاصل نہ کرنے والی خواتین کے اکاؤنٹس میں آئندہ سہ ماہی قسط منتقل نہیں کی جائے گی۔ انتظامیہ نے اپیل کی ہے کہ آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر فوری طور پر یہ عمل مکمل کیا جائے تاکہ کسی بھی مالی مشکلات سے بچا جا سکے۔