نصیرآباد: گیس کمپریسر کا دھماکا، ماں اور تین بچے جاں بحق، والد زخمی
نصیرآباد کی ابڑو کالونی میں گیس کمپریسر پھٹنے کے المناک واقعے میں ایک خاتون اور ان کے تین بچوں سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ گھر کا سربراہ شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
شاہد علی کے گھر میں اچانک گیس کمپریسر کا زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں گھر میں موجود تمام افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے میں دو سالہ بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر کراچی منتقل کیا گیا۔ کراچی کے اسپتال میں تین روز تک زیرِ علاج رہنے کے بعد شاہد علی کی اہلیہ، دوسرا بیٹا اور بیٹی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پولیس میں کلاس فور کے ملازم شاہد علی محنت مزدوری کرکے اپنے خاندان کی کفالت کرتے تھے، جو خود بھی اس حادثے میں شدید زخمی ہوئے ہیں۔ اس دلخراش واقعے کے بعد پورے علاقے میں سوگ کی فضا ہے اور اہلِ خانہ غم سے نڈھال ہیں۔