Tameerewatan
tameerewatan

پاکستان اور کرغزستان کے درمیان اربوں روپے کے تجارتی اور آئی ٹی معاہدے طے پا گئے

پاکستان اور کرغزستان کے درمیان اربوں روپے کے تجارتی اور آئی ٹی معاہدے طے پا گئے

بشکیک: پاکستان اور کرغزستان نے تجارت، موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشتگردی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیے۔

معاہدوں پر دستخط کی تقریب کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر سمیت دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

معاہدوں کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور کرغز صدر نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ لاہور اور کرغزستان کے شہر اوش کو جڑواں شہر قرار دینے سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی اور عوامی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کرغزستان دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے، جبکہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی دونوں ممالک میں اتفاق ہوا ہے۔

شہباز شریف نے کاسا توانائی منصوبے پر پیش رفت کے لیے مشترکہ وزارتی گروپ کے قیام کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے خواہاں ہیں اور تجارتی حجم کو 200 ملین ڈالر تک لے جانے کے لیے کاروباری قوانین اور طریقہ کار کو آسان بنایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے نجی شعبے کے روابط اور تجارتی مواقع میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں طے پانے والے معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں باہمی تعاون کے نئے دور کی بنیاد ثابت ہوں گی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More