بلوچستان میں 1122 مزید مضبوط، وزیر صحت بخت کاکڑ کا بڑا اقدام
جدید سہولیات سے لیس 9 نئی ایمبولینسز سروس میں شامل، صوبے بھر کی ایمبولینسز کو ڈیجیٹل کنٹرول اینڈ کمانڈ سسٹم سے منسلک کیا جائے گا
کوئٹہ: بلوچستان میں ہنگامی طبی سہولیات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹر
1122 کی استعدادِ کار میں اضافہ کرتے ہوئے جدید سہولیات سے لیس 9 نئی ایمبولینسز سروس میں شامل کردی گئی ہیں۔
نئی ایمبولینسز حادثات، قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی حالات میں متاثرہ افراد کو موقع پر فوری طبی امداد فراہم کرنے کے ساتھ انہیں بروقت قریبی طبی مراکز تک منتقل کرنے کے لیے استعمال کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے اس موقع پر کہا کہ جدید ایمرجنسی ریسپانس سافٹ ویئر کے ذریعے بلوچستان بھر میں ایمبولینسز کی مؤثر ڈیجیٹل ٹریکنگ ممکن بنائی جارہی ہے، جس سے ہنگامی صورتحال میں رسپانس ٹائم مزید بہتر ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے کی تمام ایمبولینسز کو مرحلہ وار ایم ای آر سی 1122 کے کنٹرول اینڈ کمانڈ سسٹم سے منسلک کیا جائے گا۔ اس نظام کے ذریعے ایمبولینسز کی نقل و حرکت، دستیابی اور ایمرجنسی رسپانس کی نگرانی مرکزی سطح پر کی جاسکے گی۔
بخت محمد کاکڑ کے مطابق جدید نظام کا فائدہ صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ دور دراز علاقوں میں بھی ہنگامی طبی امداد کی بروقت فراہمی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ سے ایمبولینس سروس میں شفافیت اور کارکردگی بہتر ہوگی، جبکہ متاثرین کو کم سے کم وقت میں ضروری طبی سہولیات تک پہنچانے میں بھی مدد ملے گی۔
حکام نے ایم ای آر سی 1122 میں نئی ایمبولینسز کی شمولیت کو بلوچستان میں ایمرجنسی طبی خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔