کیا پاک افغان بارڈر پر بڑا تصادم ہونے والا ہے؟ وزیراعظم کے بیان سے ہلچل مچ گئی
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گرد کارروائیوں کے پیچھے بھارت کا کردار واضح ہے، جو دہشت گرد عناصر کو وسائل فراہم کر رہا ہے۔
بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان سے بارہا مطالبہ کیا ہے کہ وہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف مؤثر اقدامات کرے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام کے ساتھ ساتھ پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی اہلکاروں نے بھی بڑی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں ہزاروں پاکستانی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
انہوں نے بلوچستان کی ترقی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور صوبے کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی اس وقت ممکن ہے جب تمام صوبے مساوی طور پر آگے بڑھیں۔
دریں اثنا وزیراعظم نے کوہاٹ میں ایکسائز اہلکاروں پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو حملے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔