مواد پر جائیں

کوئٹہ 14°C فجر 5:25 ظہر 12:16 عصر 4:08 مغرب 5:45 عشاء 7:06
آج کا ای پیپر ⁦28⁩ اکتوبر ⁦2026⁩ پڑھیں
پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف کی مالدیپ سے براہ راست پروازیں شروع کرنے کی ہدایت

دونوں ممالک کا دو سال میں تجارت 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق، پاکستانی وفد اگلے ہفتے مالے جائے گا۔

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے کے لیے فوری منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے تجارتی تعاون بڑھانے کے لیے اگلے ہفتے تاجروں اور سرکاری نمائندوں کا وفد مالدیپ بھیجنے کا بھی اعلان کیا۔
اسلام آباد میں پاکستان مالدیپ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا موجودہ حجم ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالر ہے، جسے دو سال میں 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔ تقریب میں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو، وفاقی وزرا اور دونوں ممالک کی کاروباری شخصیات شریک تھیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس ہدف کے حصول کے لیے فضائی اور سمندری رابطے بہتر بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو براہ راست پروازوں کے امکانات کا فوری جائزہ لینے اور مالدیپ کے وفد کو بلا کر مشترکہ منصوبہ بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم کے مطابق مالدیپ جانے والا پاکستانی وفد کاروباری شخصیات، متعلقہ وزرا اور سرکاری حکام پر مشتمل ہوگا، جو تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کرے گا۔
انہوں نے کراچی یا گوادر سے مالے تک قابلِ اعتماد براہ راست سمندری سروس کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ بہتر رابطوں کے بغیر تجارتی اہداف حاصل کرنا مشکل ہوگا۔
فورم سے خطاب میں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے پاکستانی کمپنیوں کو اپنے ملک میں سرمایہ کاری اور طویل مدتی کاروباری شراکت کی دعوت دی۔ انہوں نے بتایا کہ مالدیپ کی قومی فضائی کمپنی مالے اور کراچی کے درمیان جلد براہ راست پروازیں شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
صدر معیزو نے ادویات، صحت، تعمیرات، انجینئرنگ، خوراک کی ترسیل و ذخیرہ کرنے کی سہولیات اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں تعاون کے مواقع کا ذکر کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی مالدیپ سے براہ راست پروازیں شروع کرنے کی ہدایت