اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ علاقائی سلامتی اور مشترکہ دفاع کا عکاس ہے۔ ترکیہ نے گزشتہ برس پاکستان کے خلاف جارحیت کے دوران کھل کر ساتھ دیا۔
ترکیہ کے 103ویں یوم جمہوریہ پر ترک سفیر کی رہائش گاہ میں عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے صدر رجب طیب اردوان، ترک حکومت اور عوام کو مبارک باد دی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات قیام پاکستان سے بھی پرانے ہیں۔ تحریک خلافت میں برصغیر کی خواتین نے زیورات پیش کیے، جبکہ ترکیہ نے پاکستان میں زلزلے اور سیلاب کے دوران مدد کی۔
شہباز شریف نے اقتصادی، تجارتی، تعلیمی، ثقافتی اور دفاعی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کراچی میں طیب اردوان اکنامک زون کے قیام کے اپنے اعلان کا حوالہ بھی دیا۔
ترک سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اولو نے کہا کہ تاریخی تعلقات کو پائیدار اسٹریٹجک شراکت داری میں بدلنا ہدف ہے۔ انہوں نے صدر اردوان کا خصوصی پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔