اسلام آباد: پیپلز پارٹی نے اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹیوں میں شامل ہونے اور اپنے تحفظات پیش کرنے کی دعوت دی ہے۔
اپوزیشن وفد سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے بتایا کہ رابطہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹیوں میں شرکت سے اپوزیشن کو اصلاحات پر اپنا مؤقف پیش کرنے اور تحفظات دور کرانے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے بائیکاٹ کی گئی قائمہ کمیٹیوں میں واپسی پر بھی زور دیا۔
شیری رحمان کے مطابق اپوزیشن رہنماؤں نے تجاویز سننے کے بعد باہمی مشاورت سے جواب دینے کا کہا ہے۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ قومی اسمبلی انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دے چکی ہے، جبکہ ارکان کے نام حتمی ہونا اور نوٹیفکیشن جاری ہونا باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجوزہ کمیٹی 30 ارکان پر مشتمل ہوگی اور نشستیں جماعتوں کی پارلیمانی تعداد کے مطابق تقسیم ہوں گی۔ حکومت اپوزیشن سمیت تمام جماعتوں کی قابلِ عمل تجاویز کو اہمیت دے گی تاکہ انتخابی نظام پر اعتماد اور شفافیت بہتر بنائی جاسکے۔