اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے ساتھ خلوص سے کھڑی نہ ہونے والی سیاسی جماعت مائنس ہوجائے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا چاہیے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ختم کیے بغیر لوگوں کی زندگی بہتر نہیں بنائی جاسکتی۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے خاتمے کے ایجنڈے میں شامل نہ ہونے والی جماعت مائنس ہوگی۔
خیبرپختونخوا کے لیے وسائل سے متعلق انہوں نے بتایا کہ گورنر نے 160 ارب روپے کا تقاضا کیا تھا، جس کی وزیراعظم نے فوری منظوری دے دی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا۔
28ویں آئینی ترمیم سے متعلق سوال پر مشیر وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت اس معاملے پر کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی مسودہ سامنے آیا ہے۔