لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی تصاویر کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں، کیونکہ ملزمان تصاویر اور ویڈیوز کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی، این سی سی آئی اے، کے دفتر میں عوامی مسائل کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ادارے کو بچیوں کی ہراسانی سے متعلق بڑی تعداد میں شکایات موصول ہورہی ہیں۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ بچیوں اور عام شہریوں کو سائبر جرائم سے بچاؤ کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے مہم شروع کی جائے گی۔
انہوں نے آن لائن رقم مانگنے والوں سے بھی خبردار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کے بیماری کا عذر پیش کرنے یا آن لائن پیسے مانگنے پر رقم منتقل نہ کی جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب بھر میں این سی سی آئی اے کے پاس 61 اہلکار ہیں اور شکایت کنندگان کے مسائل حل کرنے کے لیے نفری پوری کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایجنسی نے کئی اہم مقدمات میں ملزمان کو گرفتار کیا ہے اور سائبر کرائم کی تحقیقات کرنے والے ادارے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سائبر جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہوگی، خواہ وہ سرکاری ملازم ہوں یا کسی اور شعبے سے تعلق رکھتے ہوں۔