لاہور: پنجاب حکومت نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے کے لیے ٹیکس کٹوتی کا نیا نظام نافذ کر دیا ہے، جس کے تحت کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع سے کی جانے والی ادائیگیوں پر ٹیکس کی شرح میں نمایاں رعایت دی گئی ہے۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) کے مطابق ای پیمنٹ یا کارڈ کے ذریعے کٹنے والا ٹیکس اب براہِ راست حکومتی خزانے میں منتقل ہوگا، جس کا مقصد ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ہوٹل اور ریسٹورنٹ سیکٹر میں کیش ادائیگی پر سروسز ٹیکس کی شرح 16 فیصد ہوگی، جبکہ کریڈٹ کارڈ یا دیگر ڈیجیٹل ذرائع سے ادائیگی کرنے والے صارفین کو صرف 8 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا، یعنی ڈیجیٹل ادائیگی پر ٹیکس میں 50 فیصد رعایت ملے گی۔
پی آر اے کے مطابق بیوٹی پارلرز، سیلونز، فیشن ڈیزائنرز، کاسمیٹک اور پلاسٹک سرجری، اسکن اور لیزر ٹریٹمنٹ مراکز کی خدمات پر 5 فیصد ٹیکس مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ایونٹ مینجمنٹ، ٹور آپریٹرز، جمنازیم اور لانڈری سروسز پر 8 فیصد ٹیکس لاگو ہوگا۔
ترجمان پی آر اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹیکس کی محفوظ اور شفاف ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل ادائیگیوں کو ترجیح دیں اور ہر خریداری یا سروس کے بعد لازمی طور پر پکی رسید حاصل کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پکی رسید جاری نہ کرنے والے فوڈ آؤٹ لیٹس اور دیگر کاروباری اداروں کے خلاف پنجاب ریونیو اتھارٹی کو شکایات درج کرائی جائیں تاکہ ٹیکس نظام کو مزید شفاف بنایا جا سکے۔