ساجد ترین ایڈووکیٹ کی شاندار کامیابی،عدالت سے سردار اختر جان مینگل کو بڑی ریلیف مل گئی
انسدادِ دہشت گردی عدالت کوئٹہ نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کے خلاف درج دہشت گردی کا مقدمہ (ایف آئی آر نمبر 83/2025) غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی قرار دے کر کالعدم کر دیا ہے۔
عدالت نے بی این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر اور سابق صدر بلوچستان ہائیکورٹ بار ساجد ترین ایڈووکیٹ کے دلائل سنتے ہی مقدمہ ختم کرنے کا حکم دیا۔ اس موقع پر بی این پی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ بھی عدالت میں موجود تھے۔ یاد رہے کہ یہ مقدمہ بی وائی سی کی قیادت کی رہائی کے لیے کوئٹہ میں جلسہ منعقد کرنے پر قائم کیا گیا تھا۔
عدالتی فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ساجد ترین ایڈووکیٹ نے کہا کہ اج کے فیصلے نے ثابت کر دیا ہے کہ جعلی مقدمات کے ذریعے پارٹی قیادت کو دبانے اور ڈرانے کی کوشش کی گئی، لیکن ایسی ظالمانہ پالیسیوں اور ہتھکنڈوں کے سامنے آواز کو بند نہیں کرایا جا سکتا اور بی این پی سچائی اور عوام کے حقوق کی جنگ جاری رکھے گی۔