‘آپریشن العزم’ کے تحت مستونگ میں سیکورٹی فورسز کے ڈرون حملے میں کالعدم اور بین الاقوامی سطح پر دہشت گرد قرار دی گئی تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی ) کے 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، مستونگ میں سڑک کنارے آئی ای ڈی (بم) نصب کرنے میں مصروف ‘فتنۃ الہندوستان’ سے تعلق رکھنے والے مسلح دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو انٹیلی جنس اور ڈرون نگرانی کے ذریعے ٹریس کیا گیا۔ دہشت گرد اپنے مذموم منصوبے میں کامیاب ہوتے کہ ڈرون حملے کے ذریعے چاروں کو موقع پر ہی جہنم واصل کر دیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فضائی نگرانی اور کارروائی کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 30 جولائی کو بھی سیکیورٹی فورسز نے دلبندین میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن (IBO) کے دوران بی ایل اے کے 3 دہشت گردوں کو مار گرایا تھا، جو آئل ٹینکروں کو آگ لگانے، بھتہ خوری اور ڈکیتیوں میں ملوث تھے۔ اسی طرح پنجگور کے علاقے گوارگو (جوسر) میں ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے آپریشن میں بھی 2 دہشت گرد ہلاک اور ان کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے تھے۔ خطے میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشنز مسلسل جاری ہیں۔