Tameerewatan
tameerewatan

کوئٹہ کے سورینج میں قیامت خیز سانحہ، 32 کان کنوں کی لاشیں برآمد

کوئٹہ کے نواحی علاقے سورینج میں کوئلے کی کان میں میتھین گیس کے دھماکے کے نتیجے میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں 32 کان کن جاں بحق ہوگئے، جبکہ ریسکیو ٹیمیں دیگر مزدوروں کی تلاش کے لیے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دھماکے کے بعد کان میں 42 مزدور پھنس گئے تھے۔ ابتدائی کارروائی میں 18 کان کنوں کی لاشیں نکالی گئیں، بعد ازاں مزید لاشیں برآمد ہونے کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 32 ہو گئی۔

چیف مائنز انسپکٹر عبدالغنی نے بتایا کہ دھماکے کے باعث کان کا بڑا حصہ بیٹھ گیا، جس سے اندر کام کرنے والے مزدور ملبے تلے دب گئے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو کارروائیاں انتہائی دشوار حالات میں جاری ہیں۔

صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز شعیب نوشیروانی نے کہا کہ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ کان میں پھنسے باقی مزدوروں تک پہنچنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کر رہی ہیں۔ انہوں نے جاں بحق کان کنوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ہر جاں بحق مزدور کے ورثا کو 5 لاکھ روپے جبکہ ہر زخمی کو 3 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حادثے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں گی۔

کان کے مالک کے مطابق دھماکا میتھین گیس بھر جانے کے باعث ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے وقت کان میں 42 مزدور موجود تھے اور تمام مزدوروں کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ سے تھا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More