حکومت کا چھوٹے دکانداروں کے لیے بڑا ریلیف
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چھوٹے دکانداروں کے لیے اہم ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے گرین پلیٹ آویزاں دکانوں پر ان لینڈ ریونیو افسران کے چھاپوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ایف بی آر نے اس حوالے سے خصوصی ٹیکس اسکیم کا مسودہ بھی جاری کر دیا ہے، جس کے تحت گرین پلیٹ حاصل کرنے والے دکانداروں کی دکان میں ان لینڈ ریونیو افسر بلا اجازت داخل نہیں ہو سکے گا۔
نئے طریقہ کار کے مطابق دکاندار آئی رِس (IRIS) پورٹل یا موبائل ایپ کے ذریعے آسانی سے اپنا ٹیکس ریٹرن جمع کرا سکیں گے۔ مزید سہولت کے لیے ریٹرن فارم اردو سمیت مختلف علاقائی زبانوں میں بھی دستیاب ہوگا تاکہ زیادہ سے زیادہ چھوٹے کاروباری افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اس اسکیم کے تحت مجموعی کاروباری حجم پر ایک فیصد ٹیکس عائد ہوگا، جبکہ گرین پلیٹ پر کیو آر کوڈ، این ٹی این، دکاندار کا نام اور دکان کا پتہ درج ہوگا۔
ایف بی آر کے مطابق سالانہ 20 کروڑ روپے تک کاروبار کرنے والے دکاندار اس اسکیم میں شامل ہو سکتے ہیں۔ تاہم ایک سے زائد دکانوں کے مالکان، ٹیئر ون ریٹیلرز، جیولرز، ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلا اور دیگر پیشہ ور افراد اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔
ادارے نے واضح کیا ہے کہ اس اسکیم میں شمولیت مکمل طور پر اختیاری ہوگی۔ دکاندار چاہیں تو روایتی طریقہ کار کے تحت بھی ٹیکس ریٹرن جمع کرا سکتے ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے کم از کم 25 ہزار روپے ٹیکس ادا کرنا ضروری ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس نظام کو آسان، شفاف اور کاروبار دوست بنانا ہے۔