بلوچستان کے 142 علاقوں میں کیا ہونے جا رہا ہے؟ سنسنی خیز تفصیلات
کوئٹہ: بلوچستان میں سات روزہ خصوصی انسدادِ پولیو مہم آج سے شروع ہو رہی ہے، جس کے دوران صوبے کے ہائی رسک علاقوں میں لاکھوں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر (EOC) کے مطابق مہم صوبے کی 142 ہائی رسک یونین کونسلوں میں چلائی جائے گی، جہاں 7 لاکھ 30 ہزار 670 بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ای او سی کے کوآرڈینیٹر انعام الحق نے بتایا کہ مہم کے دوران کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ، چمن اور برشور سمیت حساس اضلاع میں بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے 2 ہزار 700 سے زائد پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ویکسین فراہم کریں گی۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ ہائی رسک علاقوں کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کے شواہد ملے ہیں، اس لیے والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے ہر بچے کو لازمی طور پر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے۔