آپ کے گھر آنے والی سبزیاں نالے کے پانی سے تیار؟ کوئٹہ میں فوڈ اتھارٹی کا وہ ایکشن جس نے سب کے ہوش اڑا دیے
بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے مضرِ صحت سبزیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران نیو سبزل روڈ کوئٹہ میں نالوں کے پانی سے کاشت کی گئی مختلف سبزیوں کی فصلیں تلف کر دیں۔
ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران وسیع رقبے پر تیار اور زیرِ کاشت غیر صحت بخش سبزیوں کو زمین بوس کیا گیا، جن میں مختلف اقسام کی گوبھی، چقندر اور سلاد شامل ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی حبیب اللہ خان نے کہا کہ سیوریج اور نالوں کے پانی سے کاشت کی جانے والی سبزیاں انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور ان کے استعمال سے لوگ مختلف موذی امراض میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحتِ عامہ کے تحفظ کے پیش نظر غیر معیاری اور مضرِ صحت سبزیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی عوام کی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق صوبائی وزیر و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی خصوصی ہدایات پر جاری مہم کے دوران اب تک صوبے بھر میں تقریباً 210 ایکڑ سے زائد رقبے پر کاشت کی گئی غیر صحت بخش سبزیوں کی فصلیں تلف کی جا چکی ہیں۔