بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر واشک مجید سرپرہ کے مطابق واقعہ اتوار کے روز ایرانی سرحد سے متصل علاقے ماشکیل میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے ان دکانوں کو نشانہ بنایا جہاں پنجاب سے تعلق رکھنے والے مزدور کام کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جن کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے تھا۔ واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
حکام کے مطابق ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد جاں بحق افراد کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کی جا رہی ہیں۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ واقعے میں کالعدم بلوچ مسلح تنظیموں کا ہاتھ ہو سکتا ہے، جو ماضی میں بھی اس نوعیت کے واقعات کی ذمہ داری قبول کرتی رہی ہیں، تاہم تازہ واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔