سوشل میڈیا پروپیگنڈا بے نقاب، کھیتران کا واضح مؤقف سامنے آگیا
سوشل میڈیا پروپیگنڈا بے نقاب، کھیتران کا واضح مؤقف سامنے آگیا
سابق صوبائی وزیر اور رکن صوبائی اسمبلی سردار عبدالرحمن کھیتران نے اپنے حوالے سے سوشل میڈیا اور بعض حلقوں میں گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اس وقت اپنے بچوں کے ہمراہ یونان کے نجی دورے پر ہیں اور بلوچستان کے پہاڑوں کا رخ کرنے سے متعلق خبریں درست نہیں۔
انہوں نے بیرون ملک سے فون پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ شروع دن سے محب وطن رہے ہیں اور ہمیشہ سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے ایک سیاسی کارکن کے طور پر ملک و قوم کی خدمت کرتے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ بھی پاکستان کی خدمت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ وزارت ان کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتی، وہ عوام کے منتخب نمائندہ ہیں اور ہمیشہ عوامی خدمت کو اپنی سیاست کا محور سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر حال میں اپنے عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
انہوں نے ان خبروں کو سختی سے مسترد کیا کہ وہ قبائل کے ہمراہ پہاڑوں کا رخ کر رہے ہیں، اور کہا کہ یہ سراسر غلط اور گمراہ کن پروپیگنڈا ہے جو ان کے بقول مخالفین کی سازش ہو سکتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں وزارت سے ہٹائے جانے کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اطلاع یا وجہ نہیں بتائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ تقریباً دو ماہ کے نجی بیرون ملک دورے پر ہیں اور وطن واپسی کے بعد تمام حقائق میڈیا کے سامنے رکھیں گے۔