Tameerewatan
tameerewatan

برازیل کے میڈیا نے بھی لیاری میں فٹبال ورلڈ کپ کے جنون کا تذکرہ کر دیا

پاکستان کے مشہور علاقے لیاری میں فٹبال ورلڈ کپ کے جنون نے بین الاقوامی توجہ حاصل کر لی، جہاں برازیل کے میڈیا نے بھی لیاری کی منفرد فٹبال ثقافت اور شائقین کے جوش و خروش کو نمایاں انداز میں پیش کیا۔

رپورٹس کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری، جسے “منی برازیل” بھی کہا جاتا ہے، کی گلیاں فٹبال ورلڈ کپ کے رنگوں میں رنگی ہوئی ہیں، جہاں گھروں، دیواروں اور سڑکوں پر مختلف ممالک کے جھنڈے اور فٹبال سے متعلق تصاویر آویزاں کی گئی ہیں۔

اس علاقے میں فٹبال صرف ایک کھیل نہیں بلکہ شناخت، جذبہ اور تہوار کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ اپنی کوئی ٹیم ورلڈ کپ میں نہ ہونے کے باوجود لیاری ہر چار سال بعد دنیا کے سب سے بڑے فٹبال میلے کو اپنے منفرد انداز میں مناتا ہے، جہاں فٹبال نسل در نسل منتقل ہونے والا جنون بن چکا ہے۔

اس بار بھی فیفا ورلڈ کپ کا سیزن شروع ہوتے ہی محلوں میں بڑی اسکرینوں اور اجتماعی میچ دیکھنے کے خصوصی انتظامات کیے جا چکے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا نے لیاری کے رہائشیوں کی فٹبال سے غیرمعمولی وابستگی کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان میں فٹبال کا دل قرار دیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ لیاری نے کئی دہائیوں سے باصلاحیت فٹبالرز پیدا کیے ہیں اور یہاں فٹبال صرف ایک کھیل نہیں بلکہ ثقافت کا حصہ بن چکا ہے۔

علاقے کے نوجوان اور بچے ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل بڑی اسکرینوں پر میچز دیکھنے، محلوں کو سجانے اور اپنی پسندیدہ ٹیموں کی حمایت کے لیے خصوصی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

لیاری کی فٹبال سے محبت سوشل میڈیا پر بھی موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے، جہاں صارفین نے اسے “پاکستان کا برازیل” قرار دیتے ہوئے اس ثقافت کے فروغ اور سرکاری سرپرستی کی ضرورت پر زور دیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More