وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو ایندھن کی بلاتعطل فراہمی اور منصفانہ قیمتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے اوگرا میں اصلاحات اور ایندھن سپلائی چین کی ڈیجیٹل نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی اصلاحات اور ادارہ جاتی استعداد میں بہتری کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے اصلاحاتی اقدامات پر تیزی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایف بی آر کے جدید ٹریکنگ نظام کو مدنظر رکھتے ہوئے ایندھن کی نقل و حمل کی مؤثر نگرانی کا نظام بنایا جائے، جبکہ بندرگاہوں اور ریفائنریوں سے پٹرول پمپس تک سپلائی چین کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مانیٹر کیا جائے۔
انہوں نے اوگرا کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے نجی شعبے کے ماہرین کی شفاف طریقے سے تعیناتی اور ادارے کی تنظیم نو پر زور دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوام کے مفادات کا تحفظ کرے گی اور ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری یا نظام میں مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے آئل ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کا عمل بھی تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں چیئرمین اوگرا نے ادارے کی کارکردگی، مسائل اور اصلاحاتی پروگرام پر بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تیل کی سپلائی چین کی نگرانی کے لیے قومی مانیٹرنگ ڈیش بورڈ، ٹینکر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم، ڈپو ٹینک ٹیلی میٹری اور پٹرول پمپس پر ڈیجیٹل سیلز نظام سمیت جدید سہولیات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ جولائی 2026 میں ڈیجیٹل نگرانی کے ذریعے ذخیرہ اندوزی، سپلائی میں رکاوٹوں اور دیگر خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی، جن پر قانونی کارروائی بھی شروع کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اوگرا کے اصلاحاتی پروگرام کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ تیل و گیس کے شعبے میں شفافیت، مؤثر نگرانی اور عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے جدید نظام کو جلد مکمل فعال بنایا جائے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
Next Post