وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی، جبکہ ملک کو تقسیم کرنے کی خواہش رکھنے والے عناصر حقیقت سے دور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف ریاست ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی اور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں اینٹی ٹیررسٹ فورس (اے ٹی ایف) کی 20ویں ٹریننگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت ریاست کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لیے دہشتگردی کے واقعات کیے جاتے ہیں اور پھر انہی واقعات کو بنیاد بنا کر ریاست کے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ایک لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ دہشتگردی جیسے قومی مسئلے کو سیاست سے نہ جوڑا جائے، کیونکہ اس وقت ملک کو سیاسی محاذ آرائی کے بجائے قومی اتحاد، ریاستی استحکام اور عوامی یکجہتی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس، اے ٹی ایف، سی ٹی ڈی اور اسپیشل آپریشنز ونگ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صف اول کا کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ حکومت ان فورسز کو جدید اسلحہ، تربیت، آلات اور دیگر ضروری وسائل فراہم کر رہی ہے تاکہ انہیں مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے اے ٹی ایف میں شامل ہونے والی تین خواتین کانسٹیبلز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی بیٹیاں بھی امن، قانون کی بالادستی اور وطن کے دفاع کے لیے اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ خدمات انجام دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی قربانیاں قوم کا سرمایہ ہیں اور ان کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔ دہشتگرد عناصر بلوچستان کو ترقی، تعلیم اور خوشحالی کے سفر سے روکنا چاہتے ہیں، تاہم حکومت، سیکیورٹی فورسز اور عوام کے اتحاد سے ان کے عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ جو لوگ ہتھیار چھوڑ کر قومی دھارے میں شامل ہونا چاہتے ہیں، ریاست ان کے لیے راستہ کھلا رکھتی ہے، جبکہ ان کی بحالی، تعلیم، روزگار اور سماجی انضمام کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بندوق کے زور پر نظریات مسلط کرنے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ حکومت، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی اور تشدد کے سامنے کبھی سرنڈر نہیں کریں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اعلان کیا کہ اے ٹی ایف، سی ٹی ڈی اور اسپیشل آپریشنز ونگ کے اہلکاروں کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کیا جائے گا، جبکہ شہداء کے خاندانوں کی مزید معاونت اور بچوں کی کفالت کی ذمہ داری بھی حکومت بلوچستان اٹھائے گی۔
انہوں نے اے ٹی ایف ٹریننگ اسکول کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے 15 کروڑ روپے کی گرانٹ، ٹرینرز کی بنیادی تنخواہوں میں اضافے اور دیگر سہولیات بہتر بنانے کا اعلان بھی کیا۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ سے آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان اور کمانڈنٹ اے ٹی ایف اسد خان نے بھی خطاب کیا، جبکہ اس موقع پر اے ٹی ایف کے جوانوں نے انسداد دہشتگردی کی تربیت، جنگی مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔
وزیراعلیٰ نے تربیت مکمل کرنے والے جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ عوام، صوبے اور قومی پرچم کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ ادا کریں۔