شہر میں پانی کی سپلائی بحال،واٹر ایسوسی ایشن اور حکومت کے مذاکرات میں بڑا بریک تھرو
کوئٹہ: پارلیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر حاجی ولی نورزئی سے واٹر ٹینکر اور واٹر سپلائی ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کے مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے بعد ٹینکر مالکان نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
حاجی ولی نورزئی نے کہا کہ ٹینکر مالکان کے مطالبات کے حل کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ تمام مسائل وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے سامنے پیش کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ہمارا شہر ہے اور اس کے مسائل کا حل ہماری ذمہ داری ہے، حکومت عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
واٹر ٹینکرز ایسوسی ایشن کے صدر نجیب ترین نے حکومتی یقین دہانی پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان اور حاجی ولی نورزئی کا شکریہ ادا کیا۔
واٹر سپلائی ایسوسی ایشن کے صدر جمیل اچکزئی نے بھی مسائل سننے اور حل کی یقین دہانی پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔